سرینگر//
سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے نے گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے آٹو میٹڈ مینجمنٹ سسٹم حاصل کیا ہے جسے جمعرات سے عمل میں لایا جارہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پین انڈیا پالیسی کے تحت ائیر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے میں گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے آٹو میٹڈ مینجمنٹ سسٹم نصب کیا ہے ۔
سری نگر ہوائی اڈہ ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے اور اس ہوائی اڈے پر تقریباً سات ہزار مسافروں کو سنبھالنے کی جگہ ہے ۔
آٹومیٹڈ گاڑیوں کی پارکنگ کا نظام متعارف کرانے سے مسافروں کو راحت ملے گی۔خودکار پارکنگ سسٹم کی اہم خصوصیت فطری طور پر مناسب اور منطقی ٹیرف کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے ۔
ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر‘جاویدانجم نے کہا کہ جوابدہی کو بڑھانے اور درستگی کو یقینی بنانے کے لیے اس سسٹم میں ایئرپورٹ اور پارکنگ کے اندر چار نامزد پوائنٹس پر ٹائم اسٹیمپنگ ہوگی۔
انجم نے کہا کہ گاڑیوں کو انٹری پوائنٹ پر میپنگ کی جائے گی اور مسافروں کو اتارنے / لینے کیلئے ہوائی اڈے میں داخل ہونے کی خاطر ۱۴منٹ کا مناسب وقت دیا جائے گا۔
دائریکٹر کے مطابق ’’اگر گاڑی۱۴منٹ کے مفت وقت کے اندر ائیرپورٹ سے باہر نکلتی ہے ، تو اس سے پارکنگ فیس کا پہلا سلیب لیا جائے گا، یعنی ۴۰ روپے ۔ تاہم کمرشل گاڑیوں کے لیے وقت کی کوئی حد مقرر نہیں ہے ‘‘۔
اس کے علاوہ، اگر گاڑی ایئرپورٹ کے پارکنگ ایریا میں داخل ہوتی ہے ، تو چارجز پارکنگ میں گزارے گئے وقت کی بنیاد پر لاگو ہوں گے ۔
پارکنگ ایگزٹ سے ائیرپورٹ ایگزٹ تک مفت وقت۵منٹ کا ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سہولت کو بڑھانے کی خاطر پارکنگ سسٹم کو فاسٹاگ ٹیکنالوجی کے ساتھ مربوط کیا جائے گا ۔