سرینگر//
اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے چھانہ پورہ سرینگر حلقے کے پٹواری کو ۴۰ ہزار روپے کی رشوت مانگتے اور وصول کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
اے سی بی کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پٹواری حلقہ چھانہ پورہ سرینگر، فاروق احمد بٹ ساکن بوگام چاڈورہ اپنے رہائشی مکان کے سلسلے میں۴۰ ہزار روپے رشوت مانگ رہا ہے۔ جس کے لئے انہوں نے پٹواری حلقہ چھانہ پورہ سرینگر میں ۱۵ دن پہلے آن لائن درخواست دی تھی۔
شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ رشوت کے خلاف ہے اور ملزم سرکاری ملازمین کے خلاف قانون کے تحت قانونی کارروائی کرنے کے لئے اینٹی کرپشن بیورو اے سی بی سرینگر سے رجوع کیا۔
شکایت موصول ہونے پر محتاط تصدیق کی گئی، جس سے متعلقہ سرکاری ملازم کے مطالبے کی تصدیق ہوتی ہے اور اسی کے مطابق اس بیورو میں دفعہ ۷ پی سی ایکٹ ۱۹۸۸ کے تحت ایف آئی آر نمبر۱۷/۲۰۲۴ کے تحت معاملہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔
تفتیش کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھایا اور پٹواری حلقہ چھانہ پورہ کے ملزم سرکاری ملازم فاروق احمد بٹ ساکن بوگام چاڈورہ کو شکایت کنندہ سے۴۰ ہزار روپے رشوت کی رقم مانگتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
ملزم پٹواری کی ذاتی تلاشی کے دوران دیگر سامان سمیت ۳۵ ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کر کے ضبط کر لی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا اور اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔