جموں//
بی جے پی کے قومی صدر ‘جے پی نڈا نے ہفتہ کے روز پارٹی کارکنوں سے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے تیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کا مستقبل قریب میں ملک کو دنیا کی تیسری اقتصادی طاقت بنانے کا ویڑن ہے۔
نڈا نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو پارٹی مسلسل تیسری بار عام انتخابات میں ۱۰۰نشستیں جیتنے میں ناکام رہی ہے وہ ۲۰۲۴ کے لوک سبھا انتخابات کے فاتحین پر سوال اٹھا رہی ہے حالانکہ وہ صرف دوسروں کی مدد سے کھڑی ہے۔
یہاں دو روزہ اجلاس میں پارٹی کے مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کہا کہ بی جے پی ملک کی واحد پارٹی ہے جس کے پاس ویڑن، قیادت، نیت، کارکن اور عوام کا اعتماد ہے۔
بی جے پی کے قومی صدر‘جو مرکزی وزیر صحت بھی ہیں، نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا’’اسمبلی انتخابات کیلئے تیار رہیں اور پارٹی کی جیت کو یقینی بنائیں‘‘۔
اس موقع پر جموں و کشمیر میں بی جے پی کے انتخابی انچارج اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، مرکزی وزیر اور اودھم پور لوک سبھا رکن پارلیمنٹ جتیندر سنگھ، انچارج جموں و کشمیر ترون چگ اور بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر رویندر رینانے شرکت کی۔
نڈا کا آج دوپہر جموں پہنچنے پر ان کی پارٹی کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ایک جلوس میں میٹنگ کے مقام پر لے جایا گیا جہاں انہوں نے بی جے پی مفکر شیاما پرساد مکھرجی کو ان کی ۱۲۳ ویں یوم پیدائش پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
جموں کشمیر کو’ہندوستان کا تاج‘قرار دیتے ہوئے نڈا نے کہا کہ ۲۰۱۴ سے پہلے جموں اور لداخ کے لوگ ’امتیازی سلوک اور ناانصافی‘ کی بات کرتے تھے لیکن مودی کی قیادت والی حکومت نے سماج کے تمام طبقوں کو انصاف فراہم کیا، خاص طور پر ان لوگوں کو جنہیں پچھلی حکومتوں نے محروم رکھا ہے۔
نڈا نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت حکومت ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ کے اپنے نعرے پر قائم ہے اور آج جموں و کشمیر لداخ کے ساتھ ملک کے باقی حصوں کے ساتھ کہیں سے بھی امتیازی سلوک یا ناانصافی کی شکایت کے بغیر آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ مودی حکومت کی وجہ سے ہوا۔
بی جے پی قومی صدر نے کہا کہ گزشتہ سال دو کروڑ سیاحوں نے جموں کشمیر کا دورہ کیا جو آئین کے آرٹیکل ۳۷۰کی منسوخی کے بعد بہتر صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔