سرینگر//
جموں کے مختلف علاقوں میں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ایک خاتون ڈوب کر ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔
متوفی کی شناخت روزی کوثر کے طور پر کی گئی ہے۔
افسروں نے بتایا کہ کوثر کی لاش جمعہ کی رات پونچھ ضلع کے میندھار سب ڈویڑن کے گرسائی علاقے میں کیری کانگڑا میں ایک ندی سے برآمد ہوئی۔
افسروں نے کہا کہ اس کی موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے ، لیکن علاقے میں شدید بارش ہوئی ہے ، اور ہوسکتا ہے کہ خاتون تیزی سے بہنے والی ندی میں پھسل گئی ہو۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ایک اور واقعہ میں اودھم پور ضلع کے کوٹلی والا علاقے کے گاؤں ہنسو میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے مٹی کا مکان گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔
جموں خطے کے کچھ حصوں میں رات گئے موسلا دھار بارش ہوئی ، جموں شہر میں سب سے زیادہ ۴ء۶۹ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، اس کے بعد اودھم پور ضلع میں۴ء۵۷ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
عہدیدار نے بتایا کہ ماتا ویشنو دیوی مندر جانے والے یاتریوں کے لئے بیس کیمپ کٹرا میں۱ء۵۰ملی میٹر اور کٹھوعہ ضلع میں ۶ء۵۳ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۹ء۳۰ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو موسم کے اس حصے میں معمول سے۵ء۴ ڈگری کم تھا۔
حکام نے جموں خطے میں ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ۱۰ جولائی تک محکمہ موسمیات کی جانب سے موسم کے گیلے ہونے کی پیش گوئی کے پیش نظر آبی ذخائر سے گریز کریں۔
ادھرمحکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں کئی مقامات پر ۱۳جولائی تک رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں۶جولائی کو کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں انہوں نے کہا کہ۷جولائی کو بھی کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ۸سے۱۹جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ جموں خطے میں کہیں کہیں صبح یا شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں جموںکشمیر میں۱۱سے۱۳جولائی تک کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ جموں وکشمیر میں۶جولائی کو خطرناک مقامات پر سیلابی ریلے ، مٹی کے تودے ، زمین کھسکنے اور پتھر گر آنے کے بھی امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض نشیبی علاقوں میں عارضی طور پر پانی بھی جمع ہوسکتا ہے ۔
ادھر سرینگر میں گذشتہ۲۴گھنٹوں کے دوران ۸ء۲ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں۴ء۱ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۰ء۱۸ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
دریں اثنا وادی میں بارشوں کے باعث شبانہ درجہ حرارت کہیں معمول سے کم تو کہیں معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے ۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۱۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۳ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۱۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۹ء۱۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۵ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۱۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۱۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔