سرینگر//
سرینگر اور وادی کے کچھ دوسرے اضلاع میں آج ہلکی بارشیں ہو ئیں جس سے درجہ حرارت میں معمولی کمی درج ہو ئی ۔
محکمہ موسمیات نے ۴ سے ۷ جولائی تک وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کی پیش گوئی کی تھی لیکن اب تک موسم مجموعی طور پر خشک رہا ۔
وادی میں گزشتہ کچھ دنوں سے گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور سرینگر میں جمعرات کو زیادہ سے زیادہ ۷ء۳۵ ڈگری سینٹی گریڈدرج کیا گیا جس سے جولائی میں گرمی کا ۲۵ سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ۔
اس دوران پہاڑی ضلع شوپیاں کے ہر پورہ علاقے میں ژالہ باری کے نتیجے میں کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق شوپیاں میں اس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب جمعے کے روز موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ شوپیاں کے ہر پورہ گاوں میں ژالہ باری کی وجہ سے کھڑی فصلوں ، میوہ باغات اور سبزی باغوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ چھ منٹ تک جاری رہنے والی ژالہ بھاری کی وجہ سے زمین پر ایک انچ سفید پرت جمع ہوئی۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو فوری طورپر نقصان کا تخمینہ لگانے کی خاطر ٹیمیں بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے ۔