سرینگر//
وادی کشمیر میں جھلسانی والی گرمی جاری رہتے ہوئے سرینگر میں لگاتار دوسرے روز بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۷ء۳۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی۔
اطلاعات کے مطابق جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں جمعرات کو رواں سیزن کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سری نگر میں جمعرات کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۷ء۳۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ ۲۵برسوں کے بعد سری نگر میں جولائی کے مہینے میں درجہ حرارت۳۵ڈگری کے پار چلا گیا ۔
ان کے مطابق سری نگر میں جمعرات کو درجہ حرارت معمول سے۹ء۷ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق سرینگر میں۹جولائی۱۹۹۹میں درجہ حرارت ۳۷ڈگری ریکارڈ ہوا تھا جبکہ سال ۲۰۰۵میں جولائی کے مہینے میں۵ء۳۵ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرینگر میں سال۱۹۴۶میں ابتک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت۳ء۳۸ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا.
شمالی ضلع کپواڑہ میں جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۲ء۳۵ریکارڈ کیا گیا‘ قاضی گنڈ میں۸ء۳۲ڈگری‘پہلگام میں۰ء۳۰‘گلمرگ میں۳ء۲۵سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر میں موسم تبدیل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جمعرات کی شام سے مغربی ہوائیں وادی میں داخل ہونگی جس کے ساتھ ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
ان کے مطابق پانچ اور چھ جولائی کو وادی کشمیر میں درمیانہ درجے کی بارشوں کا امکان ہے جبکہ سات جولائی کو موسلا دھار بارشیں متوقع ہے ۔
وادی کشمیر میں شدید گرمی کی وجہ سے بازار سنسان اور ویران دکھائی دے رہے ہیں۔ دن کے اوقات میں لوگ گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
ایک تاجر ریاض احمد نے بتایا کہ جب سے گرمی میں اضافہ ہوا ، بازاروں میں بھی سناٹا چھا یا ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دن کے اوقات میں بازار پوری طرح سے ویران دکھائی دیتے ہیں اور شام کے وقت اکا دکا خریدار ہی بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔
تاجر نے مزید بتایا کہ گرمی کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے کاروبار پوری طرح سے ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت بھی مسلسل معمول سے زیادہ ریکارڈ ہو رہا ہے ۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۲۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۲ء۶ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حر ارت۰ء۱۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۹ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اورسیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۱۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے۷ء۳ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۲۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۴ء۵ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۲۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے ۳ء۵ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔