کندھمال//
وزیر اعظم‘نریندر مودی نے کہا ہے کہ کانگریس کی وجہ سے جموں کشمیر کو ۶۰ برسوں تک دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا ۔
ہفت کواڈیشہ کے کندھمال میں ایک عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا’’ کانگریس کے اس رویے کی وجہ سے جموں و کشمیر کے عوام نے۶۰ سال تک دہشت گردی کا سامنا کیا اور ملک نے کئی دہشت گردانہ حملے دیکھے۔ قوم کبھی نہیں بھولے گی کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ ملاقاتیں کیا کرتے تھے۔ انہوں نے ممبئی حملے کے بعد ان کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کی ہمت نہیں کی کیونکہ ان میں حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہمت نہیں تھی۔ انڈیا الائنس کے لوگ سوچتے تھے کہ ان کا ووٹ بینک متاثر ہوگا‘‘۔
مودی نے کانگریس لیڈر منی شنکر ایر کے ’پاکستان کے پاس ایٹم بم ہے‘ کے بیان کو لیکر تنقید کی اور پارٹی پر لوگوں کو ڈرانے کے طریقے تلاش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ’’یہ مرے پڑے لوگ، ملک کے من کو بھی مار رہے ہیں (یہ لوگ، جو تقریبا مر چکے ہیں، ملک کی روح کو مارنے کی کوشش کر رہے ہیں)‘‘۔
وزیر اعظم مودی نے پاکستان کی معیشت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے پاس ایٹم بم تھے لیکن وہ انہیں بیچنے کے لئے کسی کی تلاش میں تھا لیکن’خراب معیار‘ کی وجہ سے ایسا کرنے سے قاصر تھا۔
مودی نے کہا کہ کانگریس بار بار اپنے ہی ملک کو ڈرانے کی کوشش کرتی ہے۔ ’’وہ کہتے ہیں کہ سنبھل کے چلو پاکستان کے پاس ایٹم بم ہے۔ یہ مرے پڑے لوگ، ملک کے من کو بھی مار رہے ہیں۔ وہ پاکستان کے بم کی بات کرتے ہیں لیکن پاکستان کی حالت یہ ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ انہیں کیسے رکھنا ہے اور وہ اپنے بم بیچنے کے لئے خریدار کی تلاش میں ہیں لیکن کوئی بھی انہیں خریدنا نہیں چاہتا کیونکہ لوگ معیار کے بارے میں جانتے ہیں‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان نے اپنا ذہن بنا لیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے ۴۰۰ کو عبور کرے گی۔انہوں نے کہا’’ہندوستان نے فیصلہ کر لیا ہے کہ این ڈی اے (لوک سبھا میں) ۴۰۰ سے تجاوز کرے گی۔ کانگریس کے لوگوں کو نوٹ کرنا چاہئے کہ ملک نے اب فیصلہ کیا ہے کہ۴جون کو انہیں وہ نشستیں نہیں ملیں گی جو اپوزیشن کے لئے ضروری ہیں ، انہیں۵۰ نشستوں سے نیچے محدود کردیا جائے گا‘‘۔
مودی نے زور دے کر کہا کہ ریاست میں ڈبل انجن کی حکومت بنائی جائے گی اور اوڈیا زبان اور ثقافت کو سمجھنے والے مٹی کے بیٹے یا بیٹی کو بی جے پی حکومت کا وزیر اعلی بنایا جائے گا۔
اٹل بہاری واجپئی کی قیادت میں مرکز کی سابقہ بی جے پی حکومت کی کامیابیوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ۲۶ سال پہلے آج ہی کے دن پوکھرن ٹیسٹ نے دنیا بھر میں ملک کا امیج بہتر کیا تھا۔
مودی نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کرکے لوگوں کا۵۰۰ سال کا انتظار ختم کیا۔