سرینگر//
وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بدھ کے روز ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی اور معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں دن کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے اور درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔ جب یہ رپورٹ درج کی گئی تو کئی مقامات پر بارش ہو رہی تھی۔
سری نگر میں ڈل جھیل کے کنارے بلیوارڈ روڈ پر سیاحوں کو گیلے موسم کے درمیان گرم کپڑوں اور بارش کی جیکٹوں میں دیکھا گیا۔
محکمہ موسمیات سرینگر نے آئندہ۲۴ گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں مزید ہلکی بارشوں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کی پیش گوئی کی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۵؍اپریل کو بھی کچھ مقامات پر ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں۶سے ۱۰؍اپریل تک موسم خشک و خوشگوار رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ۳؍اور۵؍اپریل کے بغیر اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز چلا سکتے ہیں۔
دریں اثنا وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہوئی ہے ۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۸ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت ۲ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۱ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۵ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۸ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۸ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔