سرینگر//
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی غلام نبی آزاد اننت ناگ راجوری حلقہ سے لوک سبھا انتخابات لڑیں گے۔
آزاد نے ۲۰۲۲ میں کانگریس چھوڑ دی تھی اور پارٹی کے ساتھ اپنی پانچ دہائیوں پرانی وابستگی کو ختم کردیا تھا اور اپنی سیاسی جماعت ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) تشکیل دی تھی۔
ڈی پی اے پی لیڈر تاج محی الدین نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ آج ڈی پی اے پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ (پارٹی صدر) غلام نبی آزاد اننت ناگ راجوری سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
۲۰۱۴ میں اودھم پور حلقہ سے بی جے پی لیڈر جتیندر سنگھ سے ہارنے کے بعد آزاد کے لئے یہ پہلا لوک سبھا انتخاب ہوگا۔
الطاف بخاری کی اپنی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے امکان کے بارے میں محی الدین نے کہا کہ اس محاذ پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
محی الدین نے کہا کہ ہمارے پاس وقت کی کمی ہے اور بات چیت میں زیادہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ لہٰذا بہتر ہے کہ وہ اپنا کام کریں اور ہم اپنا کام کریں۔ انہیں کسی بھی معاملے میں اننت ناگ سیٹ میں دلچسپی نہیں تھی۔
محی الدین نے کہا کہ کشمیر کی دیگر لوک سبھا سیٹوں کے لئے امیدواروں کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
جہاں نیشنل کانفرنس نے اس حلقے کیلئے میاں الطاف احمد کو نامزد کیا ہے وہیں پی ڈی پی اور بی جے پی کی طرف سے ابھی امیدوراوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر ‘عمرعبداللہ نے آج اس امکان کا اظہار کیا کہ پی ڈی پی اس حلقے سے اپنا امیدوار نہیں کھڑا کری گی ۔