سرینگر/۱۲مارچ
جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں محکمہ دیہی ترقی کے کچھ افسران کی موجودگی میں ایک پستول بردار مشتبہ جنگجو نے ایک سرپنچ پر گولی چلا دی۔تاہم سرپنچ اس حملے میں بال بال بچ گیا ۔
واقعہ کے بعد فوج اور پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی کارروائیاں شروع کر دی ہیں ۔
یہ واقعہ ضلع کے اری ہل علاقے میںہفتہ کو ’لار کول‘ کے قریب اس وقت پیش آیا جب محکمہ آر اینڈ ڈی کے افسران اور سرپنچ کے ذریعہ کئے جارہے تعمیراتی کام کا معائنہ کر رہے تھے۔
واقعہ کے بارے میں معلومات بتاتے ہوئے موقع پر موجود سرپنچ کے ایک ساتھی نے بتایا کہ پنچایت حلقہ اری ہل بی کے سرپنچ غلام نبی کمار ’لار کول‘ میں تعمیراتی کام کی پیش رفت دکھانے میں مصروف تھے، جب ایک شخص نمودار ہوا اور اپنے پستول سے فائر کیا۔تاہم گولی نشانہ چوک کر گئی اور سرپنچ جائے موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا ‘ جس کی وجہ سے وہ اس حملے میں بچ گیا ہے۔
واقعہ کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوبی ضلع کولگام میں گزشتہ رات ایک سرپنچ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے جبکہ سرینگر کے کھمنوہ علاقے میں بھی ایک سرپنچ پر حملے کے بعد اسکی جان لی گئی ہے ۔
واقعہ کے بعد فوج اور پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش تیز کی ہے ۔