سرینگر//
چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس این کوٹیشور سنگھ نے آج جسٹس محمدیوسف وانی کو ایڈیشنل جج جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کی حیثیت سے عہدے کا حلف دِلایا۔یہ تقریب چیف جسٹس کے کورٹ روم میں منعقد ہوئی۔
حلف برداری کی تقریب کی نظامت کے فرائض رجسٹرار جنرل شہزاد عظیم جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے اَنجام دی جنہوں نے مرکزی وزارت قانون و اِنصاف، محکمہ انصاف (تقرری ڈویژن) سے موصول ہونے والے نوٹیفکیشن اور صدر یہ جمہوریہ کی طرف سے جاری کردہ تقرری کے وارنٹ اور لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے جاری کردہ اِجازت نامے کے اِقتباسات پڑھے جس میں چیف جسٹس جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کو نو منتخب جج کو عہدے کا حلف دِلانے کااِختیار دیا گیا ہے۔
تقریب میں ہائی کورٹ کے سابق ججوں، ایڈووکیٹ جنرل جموں و کشمیر، ڈپٹی سالیسٹر جنرل آف اِنڈیا سری نگر، سیکرٹری محکمہ قانون، اِنصاف وپارلیمانی امور، سری نگر ہیڈکوارٹروںمیں تعینات ضلعی ججوں، مختلف باروںکے ممبران، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے افسران اور رجسٹری افسران اور ممبر سیکرٹری لیگل سروس اَتھارٹی جموںوکشمیرنے بھی شرکت کی۔
اِس طرح جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے ججوں کی تعداد بڑھ کر چیف جسٹس سمیت ۱۶ہو گئی ہے۔