سرینگر//
منشیات فروشوں کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ اوڑی میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی۲۴لاکھ رویے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو قرق کر دیا ہے ۔
مذکورہ منشیات فروش کی شناخت محمد زاہد شاہ (گیلانی) ولد پیر حسین شاہ ساکن بس گرام اوڑی کے طور پو کی گئی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ پولیس نے قصبہ اوڑی میں ایک بد نام زمانہ منشیات فروش کا۲۴لاکھ روپے مالیت کا دو منزلہ رہائشی مکان قرق کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن اوڑی میں درج ایک مقدمے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت انجام دی گئی۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ تحقیقات کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا’’یہ جائیداد پہلی نظر میں منشیات فروش کی طرف سے نشہ آور اور ادویات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی‘‘۔
بیان کے مطابق لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کی سراہنا کی ہے ۔
دریں اثناپولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں۲منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے نشہ آور مواد اور نقدی رقم بر آمد کی ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن بونیار کی ایک پولیس پارٹی نے بونیار میں برنیٹ لنک روڈ پر ایک ناکے کے دوران دو افراد کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ دونوں نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کو دھر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۴۸گرام چرس جیسا نشہ آور مواد اور۴۶سو رویے نقدی بر آمد کئے گئے جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت محمد رفیقشیخ ولد محمد سبحان اور بشیر احمد گنائی ولد غلام رسول گنائی ساکنان برنیٹ بونیار کے طور پر کی گئی ہے ۔
بیان کے مطابق اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بونیار میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۲۴مقدمے درج کرکے۳سخت گیر منشیات فروشوں سمیت۳۹منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے ۔
ضلع میں منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سال۲۰۲۳کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۲۶۴مقدمے درج کرکے۴۶۴منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔