نئی دہلی//
لوک سبھا میں ارکان نے آج کہا کہ مودی حکومت میں خواتین کو قیادت دینے ، نوجوانوں کو مواقع دینے ، کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور غریبوں کو سرکاری اسکیموں میں حصہ دار بنانے میں قابل ذکر کام کیا گیا ہے اور ان بے مثال کاموں کو دیکھتے ہوئے یہ واضح ہو گیا ہے کہ۲۰۲۴کا عام انتخابات حصولیابیوں پر لڑا جائے گا۔
لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے بی جے پی کی ڈاکٹر حنا وی گاویت نے کہا کہ اس بار ابھرنے والی صورتحال نے واضح کر دیا ہے کہ انتخابات حصولیابیوں پر ہوں گے ۔ حکومت کی حصولیابیوں کی وجہ سے جو ماحول بن رہا ہے اور جس طرح سے بی جے پی حکومت نے کام کیا ہے اس کو دیکھتے ہوئے یہ بات یقینی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی۲۰۲۴کے انتخابات میں ملک میں تیسری بار اقتدار میں آئیں گے ۔
ڈاکٹر گاویت نے کہا کہ مودی حکومت میں خواتین کی شرکت اہم ہورہی ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جارہے ہیں اور ہر شعبے میں خواتین کی شراکت میں اضافہ ہورہا ہے ۔ان کاکہنا تھا’’ سویم سہتا گروپ اس کی سب سے بڑی مثال ہے جس کے ذریعے دیہی علاقوں کی خواتین ترقی کر رہی ہیں۔ خواتین کو ڈرون کی ٹریننگ دی جارہی ہے ۔ زچگی کی تعطیل خواتین کے لیے بڑھا دی گئی ہے ۔ نیشن ڈیفنس اکیڈمی جیسے اداروں میں لڑکیوں کو اہمیت دی جارہی ہے ‘‘۔