نئی دہلی//
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بدھ کے روز پیش گوئی کی ہے کہ شمال مغربی ہندوستان کے کچھ علاقوں میں اگلے۲۴گھنٹے کے دوران موسلا دھار بارش اور برف باری کے آثار ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا’’مغربی ہمالیائی خطے اور ملحقہ میدانی علاقوں میں سرد موسم۴فروری تک جاری رہنے کا امکان ہے اور اس میں۳۱جنوری اور یکم فروری کو زیادہ شدت ہونے کا امکان ہے‘‘۔
محکمہ موسمیات کے مطابق’’وادی کشمیر، ہماچل پردیش میں۳۱جنوری اور یکم فروری کو اور اتراکھنڈ میں الگ الگ مقامات پر یکم فروری کو بھاری بارش اور برفباری کا امکان ہے ‘‘۔
۳۱جنوری اور یکم فروری کے دوران پنجاب، چنڈی گڑھ، ہریانہ، دہلی میں ہلکی یا معتدل بارش کا امکان ہے اور اتر پردیش، مشرقی راجستھان میں الگ الگ مقاماپ پر بارش کا امکان ہے ۔مذکورہ علاقوں میں۳؍اور۴فروری کو بھی ہلکی بارش کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ تیس تا چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز اور سرد ہوائیں۳۱ جنوری اور یکم فروری کو پنجاب، ہریانہ، چنڈ ی گڑھ اور دہلی میں چلنے کا قوی امکان ہے ۔
اس میں کہا گیا ہے’’اگلے۷دنوں(۳۱جنوری سے۶فروری) کے دوران اروناچل پردیش میں ہلکی یا معتدل بارش یا برفباری کا امکان ہے ‘‘۔
آئی ایم ڈی نے کہا’’مغربی بنگال، سکم، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، میزورم، منی پور اور تریپورہ میں بھی۳۱ جنوری سے۲فروری تک بارش کی توقع ہے ‘‘۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ اگلے۵دنوں کے دوران ملک کے متعدد حصوں میں کم سے کم درجہ حرارت اور سرد لہر کے حالات میں کوئی نمایاں تبدیلی کا امکان نہیں ہے ۔