سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں اورسیاحتی مقامات پر تازہ برف باری ہوئی جس سے نہ صرف سیاح بلکہ لوگ خوش نظر آ رہے ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرینگر میں۹ء۱ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں۲ء۱ملی میٹر‘ کپوارہ میں۰ء۸ملی میٹر، پہلگام میں۶ء۲سینٹی میٹر اور گلمرگ میں۲۵سینٹی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام‘دودھ پتھر یوغیرہ میں تازہ برف باری ہوئی ہے جس سے ان مقامات پر موجود سیاح لطف اٹھا رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے۳۶گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں یکم فروری تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے اور اس دوران کپوارہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کولگام، شوپیاں اور اننت ناگ کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں اور سرینگر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں دو سے چار انچ تک برف باری ہوسکتی ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ بعد ازاں وادی میں۲فروری کو موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۳؍اور۴فروری کو بالائی علاقوں میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بعد میں۱۰فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے ۔
دریں اثنا مطلع ابر آلود رہنے سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے ۔
دار لحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۲ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۳ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۳ء۱ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۳ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۶ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۷ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔