جموں/۸جنوری
مرکزی وزیر داخلہ ‘امت شاہ ، جو9 جنوری 2024 کو جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے تھے‘خراب موسمی حالات کی وجہ سے اب جموں نہیں آئیں گے ۔
ایک سرکاری ترجمان کاکہنا ہے کہ اس مجوزہ دورے کے دوران شاہ جموں میں ’وکست بھارت سنکلپ یاترا‘ میں شرکت کرنے والے تھے اور جموں شہر میں ای بسوں سمیت 1379 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کرتے اور 2348 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے والے تھے۔
وزیر داخلہ کا ہمدردی کی بنیاد پر مقرر کئے گئے لوگوں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا تھا۔
شاہ جموں و کشمیر کی سلامتی اور ترقی کا بھی جائزہ لینے والے تھے۔ مرکزی وزیر کو پونچھ سیکٹر میں ڈیرہ کی گلی کا بھی دورہ کرنا تھا اور اس علاقے میں حال ہی میں مارے گئے شہریوں کے اہل خانہ سے ملاقات کرنی تھی۔
تاہم سرکاری ترجمان کے مطابق موجودہ خراب موسمی حالات اور اس کی پیش گوئی کے پیش نظر پروگرام موخر کردیا گیا ہے۔