وہ صاحب سنا ہے کہ لالچوک کے گھنٹہ گھر پر اتوار کی شام کو جشن کا سماں تھا … لو گ خوش تھے کہ نیا سال آنے والا ہے… ناچ گانا ہو رہا تھا اور… اور یہ بھی سنا کہ ہے کہ لالچوک اور اس کے گرد و نواح کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا …صاحب اگر کوئی خوشی منا رہا تھا‘ جشن منا رہا تھا‘ خوش ہو رہا تھا‘ ناچ رہا تھا ‘ گا رہا تھا اور… اور یہ سب کچھ اس لئے کررہا تھا کہ نیا سال آنے والا ہے یا آگیا ہے تو… تو اللہ میاں کی قسم اس جیسا احمق اور بے وقوف کوئی نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے۔ یقینا نیا سال آیا ہے اور… اور اس نئے سال میں پرانے سال کے مسائل اور مشکلات کے ساتھ نئے سال کے مسائل بھی جڑ جائیں گے… لیکن ہاں اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم صرف مشکلات اور مسائل کا رونا روتے رہیں… نہیں صاحب ہم ایسا نہیں کہہ رہے ہیں کہ … کہ ہم میں سے کئی ایسے ہیں جن کیلئے مسائل اور مشکلات… مسائل اور مشکلات نہیں بلکہ ایک موقع ہو تا ہے… خود کو ثابت کرکے آگے بڑھنے کا موقع ۔ہمیں نئے سال کا جشن منانے پر اعتراض نہیں ہے‘ لیکن… لیکن اصل جشن منانے کا حق کشمیر کے ساستدانوں کو ہے کہ کہنے والوں کاکہنا ہے کہ امسال کشمیر میں الیکشن … اسمبلی الیکشن ہونے والے ہیں اور… اور ہمارے سیاستدانوں کو پورے دس سال بعد لوگوں کو … ہمیں اور آپ کو بے وقوف بنانے کا موقع مل رہا ہے… ہم سے جھوٹے وعدے کرنے کا موقع مل رہا ہے … اور آپ تو جانتے ہیں کہ… کہ سیاستدان اگر کسی کے ماہر ہوتے ہیں تو… تو جھوٹے وعدے کرنے کے ماہر ہوتے ہیں… لیکن ہاں ایک بات ضرورہے کہ… کہ اب کے کشمیر کے ساستدان کس چیز‘ کس بات کا وعدہ کریں گے کہ … کہ اللہ میاں کی قسم ان کے پاس دینے کیلئے کچھ بچا ہی نہیں جس کا وہ وعدہ کریں… اٹانومی رہی ‘ سیلف رول رہا ‘ پن بجلی پروجیکٹوں کی واپسی رہی اور نہ افسپا کی منسوخی کے وعدے کا کوئی اختیار رہا… ان کے پاس بیچنے کیلئے کچھ نہیں … کوئی خواب بھی نہیں ‘ کوئی وعدہ بھی نہیں … ہاں آپ کے ووٹوں سے یہ اقتدار ضرور خریدیں گے… ان میں سے کسی ایک کو اقتدار ملے گا… ان میں کوئی واپس اقتدار میں آئے گا اور… اور ان کیلئے یہی کافی ہے… ان کیلئے یہی کامیابی ہے… ان کیلئے یہی خوشی ہے اور… اور یہ خوشی‘ یہ کامیابی انہیں اس نئے سال میں ملنے والی ہے… سو اگر یہ اس نئے سال کا جشن منائیں تو منائیں…الیکن آپ کیوں عبداللہ کی شادی میں دیوانا بن رہے ہیں… ہے نا؟