بارہمولہ//
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور کے علاقے بابا شکور دین وٹلاب میں کار حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہوگئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ڈرائیور نے ویگن آر پر سے کنٹرول کھو دیا اور وہ اوپر سے پھسل کر کھائی میں گر گئی۔
کار میں سوار دونوں افراد کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ان میں سے ایک کی شناخت ماڈل ٹاؤن سوپور کے رہائشی عمر ذکی کے طور پر ہوئی ہے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ماڈل ٹاؤن سوپور سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص محمد اقبال نجار کو خصوصی علاج کے لئے ایس کے آئی ایم ایس سرینگر ریفر کیا گیا۔
حادثے میں گاڑی کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔
اس دوران جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے چسانہ علاقے میں پیر کی صبح باراتیوں سے بھری ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں۲؍افراد کی موت جبکہ۱۲دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ریاسی کے چسانہ علاقے میں باراتیوں سے بھری ایک منی گاڑی گہری کھائی جا گری جس کے نتیجے میں۲باراتیوں کی موت جبکہ۱۲دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے کہا کہ یہ گاڑی بلمت کوٹ سے بدر جا رہی تھی اور یہ حادثہ پیر کی صبح قریب۶بجے پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ متوفین میں سے ایک جس کی شناخت۲۶سالہ محمد اشرف کے بطور ہوئی، کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا۱۷طاہر احمد ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
زخمیوں ‘جن میں۱۱لڑکیاں شامل ہیں‘ کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔