سرینگر//
جنوبی ضلع پلوامہ کے آری ہل گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام کو فورسز نے جوں ہی پلوامہ کے آری ہل گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کاتبادلہ شروع ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس ، فوج اور سی آرپی ایف نے آری ہل اور اس کے ملحقہ علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔
دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پلوامہ کے آری ہل گاوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم جاری ہے ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک گاوں میں رک رک کر فائرنگ ہو رہی تھی۔اور ایک تصدیق طلب اعلاع کے مطابق اب تک ایک جنگجو ہلاک ہو گیا تھا۔
اس دوران سیکورٹی فورسز نے ہندواڑہ کے جنگلی علاقے طوتی گنڈ میں دو ملی ٹینٹ معاونین کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہندواڑہ پولیس ، آرمی اور سی آر پی ایف نے توطی گنڈ جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران لشکر طیبہ (ٹی آرایف) سے وابستہ دو ملی ٹینٹ معاونین کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت دھر دبوچا۔
ترجمان نے گرفتا شدگان کی شناخت پرویز احمد ڈار ولد محمد رستم ڈار اور شوکت احمدشیر گوجری ولد غلام محمد شیر گوجری ساکنان توطی گنڈ ہندواڑہ کے بطور کی ہے۔
پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر۲۶۴/۲۳کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا۔