سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں جمعرات کو بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۱۰دسمبر تک موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں یکم اور۲دسمبر کو موسم جزوی یا کلی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ ۳دسمبر کو موسم کلی طور ابر آلود رہنے کی توقع ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں۴سے۱۰دسمبر تک موسم کبھی جزوی تو کبھی کلی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم دسمبر تک شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہونے کا امکان ہے تاہم بعد ازاں اس میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوسکتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ برف باری کے نتیجے میں مغل روڈ، زوجیلا، سنتھن ٹاپ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے ۔
دریں اثنا مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری ریکارڈ ہوئی ہے ۔
سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۳ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۸ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۳ء۱ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔