جموں//
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (ڈی آئی پی آر) کے نئے پورٹل کا آغاز کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اِنتظامیہ کی پالیسیوں، پروگراموں اور نئے اَقدامات کے بارے میں میڈیا کو معلومات فراہم کرنے کیلئے محکمہ اطلاعات کی کوششوں کو سراہا۔
سنہا نے مزید کہا کہ پریس ریلیزز، فیکٹ شیٹ، تصاویر اور اِنفوگرافکس سمیت مواصلات کے مختلف طریقوں کے لئے متعدد نئی خصوصیات موجودہ میکانزم کو ہموار کریں گی اور درست معلومات کی ترسیل میں لگنے والے وقت کو کم کریں گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سبکدوش ہونے والے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کو بھی الوداع کیا اور ان کے خلوص، لگن اور اَپنی ذمہ داریوں کو بلا خوف و خطر اَدا کرنے کے عزم کی ستائش کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ’’میں ان کی خوشحالی اور صحت مند زندگی کی دعاکرتا ہوں۔‘‘
ایل جی نے نئے پورٹل کو تیار کرنے میں تعاون کے لئے ہریانہ حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔
محکمہ اطلاعات کی کمشنر سیکرٹری محترمہ پریرنا پوری نے پورٹل کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے بتایا کہ نیا’سبسکرائب ٹو پریس ریلیز‘ فیچر عام لوگوں کو پریس ریلیز کو سبسکرائب کرنے اور اَپنے موبائل فون پر مطلع کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تردیدی میکانزم کے انضمام سے حقیقی وقت کی بنیاد پر جعلی / جھوٹی خبروں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔