نئی دہلی//
اگلے ہفتے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کیلئے حکومت نے بدھ کو ۱۸ بلوں کو درج کیا۔ ان میں دو بل خواتین کے ریزرویشن ایکٹ کی دفعات کو جموں و کشمیر اور پڈوچیری میں لاگو کرنے کیلئے اور تین مجرمانہ قوانین کو تبدیل کرنے کے لیے ہیں۔
لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بلیٹن کے مطابق، حکومت ایک بل لانے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے جس میں جموں و کشمیر اسمبلی کی تعداد ۱۰۷ سے بڑھا کر۱۱۴ کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور درج فہرست قبائل‘ کشمیری مہاجروں، پاکستان سے بے گھر ہونے والے افراد کو نمائندگی فراہم کی جا سکے۔
بلوں کے علاوہ، حکومت نے سال۲۰۲۳۔۲۰۲۴ کیلئے گرانٹس کے ضمنی مطالبات کے پہلے بیچ کو سیشن کے دوران پیش کرنے، بحث کرنے اور ووٹنگ کے لیے درج کیا ہے۔
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ۴ دسمبر سے شروع ہو کر ۲۲ دسمبر تک جاری رہے گا۔