سرینگر//
لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) پی کے پولے نے جموں و کشمیر کے سول اور پولیس ضلع سربراہوں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ یکم دسمبر کو طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ اگلے برس اپریل، مئی بھارت بھر میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔
لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا یہ سی ای او کا پہلا اعلیٰ سطح کا ورچوئل جائزہ ہوگا، جس میں وہ اعلیٰ افسران شامل ہوں گے جو پولنگ سے متعلق تمام انتظامات کے انچارج ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق لوک سبھا انتخابات سے متعلق تمام معاملات بشمول پولنگ عملہ اور بغیر کسی رکاوٹ کے پولنگ کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے درکار حفاظتی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے حوالہ سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ میں پولنگ عملہ کی تربیت، نوڈل آفیسر کی تقرری، ای وی ایم مشین اور وی وی پی اے ٹی کے معیارات سمیت دیگر کئی معاملات کا بھی خصوصی میٹنگ میں جائزہ لیا جائے گا۔
جموں کشمیر میں پانچ پارلیمانی نشستیں ‘بارہمولہ کپوارہ‘ ادھم پور، ڈوڈہ ‘ سرینگر، بڈگام‘ جموں، راجوری اور جنوبی کشمیر،پونچھ فی الحال بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پاس دو جبکہ نیشنل کانفرنس کے پاس تین سیٹیں ہیں۔
جموں و کشمیر میں ووٹر لسٹ کی خصوصی سمری کی نظرثانی بھی مکمل ہونے کے قریب ہے اور حتمی فہرستوں کی اشاعت ۸جنوری۲۰۲۴ کو متوقع ہے۔