نئی دہلی//
مرکزی کابینہ نے سولہویں مالیاتی کمیشن کے لیے ٹرمز آف ریفرنس کو منظوری دے دی ہے ، جس کا نوٹیفکیشن ’مناسب وقت ‘پرجاری کیا جائے گا۔
منگل کی شام وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں وزارت خزانہ کی طرف سے پیش کردہ متعلقہ تجویز کو منظوری دی گئی۔ کابینہ کے فیصلوں کے مطابق کمیشن۳۱؍ اکتوبر۲۰۲۵تک اپنی رپورٹ فراہم کرے گا۔
بدھ کو ہونے والی میٹنگ کے بعد جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا ہے’’سولہویں مالیاتی کمیشن کے لیے ٹرمز آف ریفرنس کو مناسب وقت پر نوٹیفائڈ کردیا جائے گا‘‘۔سولہویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات، اگر حکومت قبول کر لیتی ہے ، تو یکم اپریل۲۰۲۶سے پانچ سال کی مدت کے لیے لاگو ہوں گی۔
آئین کا آرٹیکل(۱)۲۸۰یونین اور ریاستوں کے درمیان ٹیکسوں کی خالص آمدنی کی تقسیم کی سفارش کرنے اور ریاستوں کے مجموعی حصہ میں سے انفرادی ریاستوں کے حصہ کا تعین کرنے کے لیے ایک مالیاتی کمیشن کے قیام کا انتظام کرتا ہے ۔
پندرہواں مالیاتی کمیشن۲۷نومبر۲۰۱۷کو تشکیل دیا گیا تھا جس کی سفارشات اس وقت نافذ العمل ہیں۔