جموں//
جموں کی عدالت نے سابق وزیر چودھری لال سنگھ کو عبوری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات صادر کئے۔
چودھری لال سنگھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز پرنسپل سیشن جج سنجے پریہار کی عدالت نے سابق وزیر اورڈوگرہ سنگٹھن کے سپریمو چودھری لال سنگھ کو عبوری ضمانت پر رہا کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کی سہ پہر کو جوں ہی چودھری لال سنگھ جیل سے باہر آئے تو کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے انہیں جلوس کی صورت میں گھر پہنچایا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چودھری لال سنگھ اپنی اہلیہ اور سابق رکن اسمبلی کانتا اندوترا کے ذریعہ چلائے جانے والے ایجوکیشن ٹرسٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کے تحت درج کیس میں انہیں دو دن کی پوچھ تاچھ کے بعد۸نومبر کو باضابط طورپر حراست میں لیا گیا تھا۔