سرینگر/۲۶اکتوبر
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے آج چنار کور کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اعزازی تقریب میں کشمیر ڈویڑن کی کامیابیاں حاصل کرنے والی خواتین کو اعزاز سے نوازا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں ان تمام خواتین کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اپنے لئے ایک جگہ بنائی ہے اور دیگر خواتین کو مختلف شعبوں میں کامیابی کی نئی بلندیوں کو حاصل کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی ہے۔
سنہا نے ناری شکتی کو بااختیار بنانے کے لئے چنار کور کے عظیم اقدام کی ستائش کی اور قوم کی تعمیر میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا۔
خواتین کو بااختیار بنانا جموں و کشمیر یو ٹی کو بااختیار بنانے کے لئے اہم ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں جموں و کشمیر انتظامیہ نے مساوات، مساوی حقوق اور مساوی مواقع کے اصولوں کی بنیاد پر خواتین کو بااختیار بنانے کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا”مجھے یہ کہتے ہوئے فخر ہے کہ ہماری آدھی آبادی نے یو ٹی کی خوشحالی اور ترقی میں بہت بڑا حصہ ڈالا ہے“۔
لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم ‘نریندر مودی کی رہنمائی میں جموں و کشمیر میں نافذ کی جانے والی متعدد اسکیموں اور پروگراموں پر روشنی ڈالی جن کا مقصد خواتین کو مجموعی طور پر بااختیار بنانا اور ان کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لانا ہے۔
ایل جی نے کہا کہ ہم نے شہری اور دیہی علاقوں میں خواتین کو تیزی سے معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے این آر ایل ایم ، مشن یوتھ ، جے کے ٹی پی او ، صنعت اور کامرس کی اسکیموں کے ذریعہ متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں ہماری بیٹیاں نئی تاریخ رقم کر رہی ہیں اور نئے اعتماد اور خود اعتمادی کے احساس کے ساتھ ایک نئے مستقبل کا خاکہ تیار کر رہی ہیں۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے تعلیم، قانون، انٹرپرینیورشپ، سوشل ورک، صحت، ادبی، کھیل، صحافت جیسے متنوع شعبوں میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی خواتین کو اعزاز سے نوازا۔
لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھئی، جی او سی 15 کور‘ میجر جنرل موہت سیٹھ، جی او سی کلو فورس، فوج کے سینئر افسران، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کے اہل خانہ اس موقع پر موجود تھے۔