سرینگر//
پولیس نے پیر کے روز جنوبی کشمیر کے شوپیاں میں ایک ہائبرڈ جنگجو کو اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کاکہنا ہے کہ پولیس نے کہا کہ آج تقریباًشام ۶ بجے شوپیان پولیس، آرمی ۳۴آر آر، ایس او جی پی سی امام صاحب اور۱۷۸ویں بٹالین سی آر پی ایف نے منیہال، الورہ، ڈی کے پورہ کے دیہات میں ایک مشترکہ ناکا اور گشت قائم کیا۔
منی ہال کراسنگ پر ناکے کی چیکنگ کے دوران ایک شخص کی پیدل ناکے کی طرف آنے والی مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی۔ پولیس پارٹی اور سیکورٹی فورسز کو دیکھ کر مشتبہ شخص نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن چوکیدار ناکے نے بڑی تدبیر سے اسے پکڑ لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اس کی شناخت بلال احمد شاہ ولد میراق شاہ ساکن ویسو قاضی گنڈ کے طور پر ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک غیر قانونی پستول، ایک میگزین‘۱۴ راؤنڈ ایک موبائل فون اور اس کا آدھار کارڈ برآمد ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ جب بلال سے غیر قانونی ہتھیار اور گولہ بارود رکھنے کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے انکشاف کیا کہ اسے ضلع شوپیاں میں حملہ کرنے کے لیے ایک سرگرم جنگجو سے حاصل کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں پولیس تھانہ امام صاحب شوپنا میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔