سرینگر/۶ اکتوبر
پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ سر نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے ایک کارپوریٹر کے خلاف جنسی ہراسانی، ہنگامہ آرائی اور حملہ کے الزام میں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا”ایس ایم سی کارپوریٹر عاقب احمد رینزو ولد بلال احمد رینزو کے خلاف پی ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اسے جموں کی کوٹ بلوال جیل میں رکھا گیا ہے۔ اس کے خلاف سری نگر کے مختلف تھانوں میں 7 ایف آئی آر درج ہیں، جن میں فسادات، حملہ، بلیک میل، جنسی طور پر ہراساں کرنا، توہین آمیز سلوک وغیرہ شامل ہیں“۔
رنزو سرینگر میونسپل کارپوریشن کے منتخب کارپویٹر ہیں اور سرینگر کے نشاط علاقے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ سنہ 2018 میں منعقد کیے گئے بلدیاتی انتخابات میں اس علاقہ سے چند ووٹ حاصل کرکے منتخب ہوئے تھے۔
ان انتخابات کو نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بائیکاٹ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عاقب رنزو پر الزام ہے کہ انہوں نے بیشتر خواتین کی جسمانی ہراسانی کی ہے اور کارپوریٹر کا ناجائز فائدہ اٹھا کر ان کو ورغلا رہا تھا۔ ان کے خلاف اس قبل بھی پولیس تھانہ نشاط اور خانیار میں چھ ایف آئی آر درج ہیں۔
عاقب رنزو ایس ایم سی میں متنازعہ کونسلر مانے جاتے تھے اور وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر افسران و دیگر کونسلز کے متعلق شکایات کرتے تھے۔ انہوں نے لالچوک میں گزشتہ برس شہری ہلاکتوں کے خلاف ’آخر کب تک‘ حصہ لیا تھا اور ترنگا ریلیز میں بھی شرکت کرتے تھے۔