سرینگر//
وسطی کشمیر کے چرار شریف علاقے میں دو بچوں کا والد اخروٹ کے درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا۔
بتادیں کہ ایک ماہ کے دوران پانچ افراد اخروٹ کے درخت سے گر جانے کے باعث از جان ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق چرار شریف میں چار روز قبل دو بچوں کا والد اخروٹ کے درخت سے اخروٹ اتار رہا تھا کہ وہ اس دوران درخت سے نیچے گرگیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا ۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال منتقل کیا اور وہاں سے بعد ازاں اسے شفا ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ پیر کے روز زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
متوفی کی شناخت بشیر احمد بٹ ولد غلام محی الدین بٹ ساکن چرار شریف کے بطور ہوئی ہے ۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں ایک ماہ کے دوران پانچ افراد اخروٹ اتارنے کے دوران درختوں سے گر کر از جان ہوئے ہیں۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں اخروٹ کے درختوں سے اخروٹ اتارنے کا سیز ن جوبن پر ہے ۔ اس سیزن کے دوران مزدوروں کو کام مل جاتا ہے لیکن یہ سیزن کئی مزدور گھرانوں کیلئے باعث مصیبت بھی بن جاتا ہے کیونکہ ہر سال اس سیزن کے دوران کئی مزدور درختوں سے گر کر لقمہ اجل بن جاتے ہیں یا عمر بھر کیلئے ناخیز ہو کر گھر والوں پر ہی بھاری بھرکم بوجھ بن جاتے ہیں۔