سرینگر//
بچاؤ کارروائیوں کے ایک شاندار مظاہرہ میں، وادی بنگس کے گہرے جنگلاتی علاقے میں ایک پھنسے ہوئے خاندان کو پولیس اور فوج کی مشترکہ کوششوں سے بچایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک اہلکار نے بتایا کہ ۲۴ستمبر کو ڈائل۱۱۲ پر ایک خاندان کے بارے میں پریشانی کی اطلاع موصول ہوئی جو وادی بنگس میں سیر کے لئے آئے تھے انہوں نے بتایا کہ عتیق الرحمٰن کے ساتھ پانچ خواتین اور پانچ چھوٹے بچوں پر مشتمل اس خاندان نے، جن میں کل گیارہ افراد تھے، واپسی کے سفر کے لیے ہندواڑہ کی طرف بالائی راجوار وڈر بالا کے راستے کا انتخاب کیا۔
اہلکار نے بتایابدقسمتی سے، وہ گھنے جنگلوں میں اپنا راستہ بھول گئے، اور ان کی گاڑی پھنس گئی، جس سے وہ آگے نہیں بڑھ سکے۔صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے انہوں نے فوری مدد کے لیے ڈائل۱۱۲پر رابطہ کیا۔فوری طور پر جواب دیتے ہوئے، ڈائل ۱۱۲ نے علاقے میں کام کرنے والے متعلقہ پولیس یونٹوں کو اس حوالے سے مطلع کیااور انچارج پولیس چوکی زچلدرہ نے پولیس ٹیم اور فوجی جوانوں کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
اہلکار کے مطابق سخت کوششوں کے بعد، مشترکہ ٹیم نے کامیابی کے ساتھ پھنسے ہوئے خاندان کو تلاش کیا اور انہیں بچا لیا، اس طرح تمام گیارہ افراد کی جانیں بچ گئیں۔مزید برآں، پولیس کے ذریعہ ترتیب دیے گئے ایک جے سی بی نے ان کی پھنسی ہوئی گاڑی کو اس مقام سے کھینچ لیا، اور مشترکہ ٹیم نے انہیں واپس گھر کا سفر جاری رکھنے کے لیے مرکزی سڑک پر لے جایاگیا۔