پلوامہ//
پلوامہ کے ایک سرکاری اسکول کے استاد کو سات سالہ طالبہ کے بال کاٹنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پلوامہ کے چیف ایجوکیشن آفیسر ‘عبدالقیوم نے کہا کہ عبدالرشید کمار، جو گورنمنٹ پرائمری اسکول، ٹینگ پونا میں کام کرتا ہے، کو بھی جمعرات کو پیش آنے والے واقعے کے بعد اسکول نے معطل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور اس پر کارروائی کی ہے۔
قیوم نے کہا’’ہم نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور استاد کو معطل کر دیا ہے۔ پولیس نے اسے بھی گرفتار کر لیا ہے۔ ہمیں اپنے محکمے میں ایسے لوگ نہیں چاہیے۔ اگر کوئی ہے تو، انہیں سزا ملے گی‘‘۔
چیف ایجوکیشن آفیسر نے کہا کہ استاد کو طالب علم کے بال نہیں کاٹنے چاہیے تھے اور اگر ضرورت پڑی تو اسے برطرف کیا جا سکتا ہے۔
قیوم کے مطابق’’طالب علم یا گھر والوں کی اجازت کے بغیر کسی طالب علم کے بال کاٹنا اسکول کا کام نہیں ہے۔ استاد نے غلطی کی ہے کارروائی کی جائے گی۔ اگر ضرورت پڑی تو ہم اسے برطرف کرنے کی سفارش کریں گے‘‘۔
اگرچہ طالبہ اس واقعے کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی تھی، لیکن اس کے والدین نے ٹیچر کی حرکت کی مذمت کی ہے۔
پولیس نے ٹیچر کے خلاف آئی پی سی سیکشن ۳۴۲ (غلط طریقے سے قید) اور۳۵۴ (عورت کی شائستگی کو مشتعل کرنا) اور دفعہ۷۵(کوئی بھی شخص کسی بچے کے ساتھ بدسلوکی کرتا ہے، اس پر حملہ کرتا ہے) جووینائل جسٹس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ (ایجنسیاں)