سرینگر//
سرینگر کے بالائی شہر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی مبینہ طور پر اس کی بیوی کے ذریعہ کسی چیز سے حملہ کرنے کے بعد موت ہوگئی۔
متوفی کے لواحقین نے الزام لگایا کہ مقتول کو اس کی بیوی اور دو بیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر ہراساں اور مار پیٹ کرتی تھیں، اس الزام کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی ہے کیونکہ ملزمہ خاتون اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ گھر سے فرار ہوچکی ہے۔
مقتول کی شناخت عبدالرشید ولد عبدالکریم ساکن روات پورہ باغات کے بطور ہوئی ہے۔
متوفی کے رشتہ داروں نے ایک مقامی خبر رساںایجنسی کو بتایا کہ دونوں میاں بیوی ایک گھر میں الگ رہ رہے تھے۔ دونوں بیٹیاں ماں کے ساتھ رہ رہی تھیں۔
ایک پڑوسی نے کہا’’پچھلے چھ سالوں سے میاں بیوی میں تعلقات ٹھیک نہیں تھے‘کچھ جائیداد پر تنازعہ تھا اور معاملہ عدالت میں ہے۔‘‘
مقتول کی بہن نے الزام لگایا کہ اس کی بیوی اور دو بیٹیاں اس کے بھائی پر مسلسل تشدد کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے بھائی کو اس کی بیوی اور اس کی دو بیٹیوں نے قتل کیا ہے اور انہیں گرفتار کیا جانا چاہیے۔
واقعہ کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔