جموں//
مرکزی وزیر داخلہ‘ امیت شاہ نے جمعے کے روز نو تعمیر شدہ تروپتی بالا جی مندر میں پوجا کی۔
شاہ نے بی جے پی لیڈروں کے ساتھ جموں وکشمیر کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں امسال بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کیلئے چناو کمیشن نے تیاریاں شروع کیں ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو یہاں ماجین علاقہ میں نو تعمیر شدہ تروپتی بالاجی مندر پر حاضری دی اور وہاں پوجا کی ۔
اس سے قبل وزیر داخلہ ترکوٹا نگر جموں میں واقع بھارتیہ جنتاپارٹی دفتر پہنچے اور وہاں جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھرجی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت ادا کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی دفتر پر وزیر داخلہ نے سینئر بھاجپا لیڈروں کے ساتھ جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔
بھگوتی نگر علاقے میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد، امیت شاہ شہر کے مضافات میں بنے تروپتی بالاجی مندر کی طرف روانہ ہوئے ۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے ہمراہ ایل جی منوج سنہا بھی تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ نے اپنے قیام کے دوران بالاجی مندر کا دورہ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعہ سے شروع ہونے والے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے دو روزہ دورے کے پیش نظر یہاں وسیع حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جمعے کی سہ پہر کو وزیر داخلہ سرینگر پہنچے اور سیدھے راج بھون کی طرف روانہ ہوئے ۔
سری نگر میں قیام کے دوران وزیر داخلہ متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ بادامی باغ فوجی چھاونی میں امیت شاہ سیکورٹی صورتحال کا بھی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے وزیر داخلہ کو پولیس اور فوج کے سینئر آفیسران سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کریں گے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر میں قیام کے دوران وزیر داخلہ کا کئی عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کرنے کا بھی پروگرام ہے ۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کو وزیر داخلہ پوترا گھپا کا درشن بھی کر سکتے ہیں اورا س کیلئے بھی جموں وکشمیر انتظامیہ نے سبھی تیاریاں مکمل کی ہیں۔