سرینگر//
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر‘جموں قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر جمعہ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہی۔
جموں کشمیر ٹریفک پولیس نے بتایا کہ قومی شاہراہ مرمتی کام اور ضروری دیکھ ریکھ کے پیش نظر جمعہ کے روز ٹریفک کیلئے بند رہے گی۔
ایس ایس پی ٹریفک پولیس رام بن نے پہلے ہی ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ناشری ٹنل سے نویوگ ٹنل بانہال کے درمیان اہم مرمتی کام کے پیش نظر قومی شاہراہ پر۲۳جون یعنی جمعہ کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ قومی شاہراہ پر کسی بھی گاڑی سوائے میڈیکل ایمر جنسی کے ‘ کو جمعہ کی صبح۶بجے سے ہفتے کی صبح۶بجے تک چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سرینگر‘ لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے ۔