سرینگر//
جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ضلع اننت ناگ کے معروف سیاحتی مقام پہلگام کے لاری پورہ میں پیر کی دوپہر ہوٹل مینسن میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ہوٹل کی اوپری منزل سے اچانک آگ نمودار ہوئی، جس کے بعد آگ فوری طور پر پورے ہوٹل میں پھیل گئی۔بتایا جاتا ہے کہ ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعے کے دوران ہوٹل میں سیاح بھی موجود تھے۔
ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد ہوٹل انتظامیہ، مقامی لوگوں، پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکاروں نے تمام سیاحوں کو بہ حفاظت باہر نکالا۔ اس واردات میں کسی طرح کے جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ تاہم بتایا جا رہا ہے کہ آگ کی شدت کافی زیادہ تھی۔ وہیں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ آتشزدگی کے اس واقعہ میں ہوٹل پوری طرح جل کر خاک ہو گیا ہے۔ مالی نقصان کافی زیادہ بتایا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ کافی جلدی پورے ہوٹل میں پھیل گئی۔ کڑی مشقت کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں سمیت مقامی لوگ اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن اس ہولناک واردات میں مالی نقصان کافی زیادہ بتایا جا رہا ہے۔ آگ کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔