جموں//
خواتین منشیات فروشوں پر نظر رکھنے اور ضرورت مند خواتین کی رات کے وقت مدد کرنے کیلئے جموں پولیس نے جموں شہر کے دائرہ اختیار میں آنے والی کئی چوکیوں پر خواتین پولیس تعینات کی ہیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ رات کے وقت خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کی ہر پولیس چوکی پر رات کے دس بجے سے صبح کے چھ بجے تک دو خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جا رہا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت شہر کی بارہ پولیس چوکیوں پر تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ رات کے وقت خاص طور پر نوکری پیشہ خواتین کی محفوظ نقل و حمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔
افسر نے کہا کہ چونکہ خواتین منشیات فروشوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ان پر نظر گذر رکھنے کیلئے خواتین اہلکاروں کی تعیناتی کافی مدد گار ثابت ہوگی۔
افسر نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ تعیناتی شہر کے بڑے داخلی اور خارجی راستوں پر عمل میں لائی جا رہی ہے اور اگلے مرحلے میں دیہی علاقوں میں بھی خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔