سرینگر//
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر ‘عمر عبداللہ نے پنجاب کے مکتسر ضلع میں پرکاش سنگھ بادل کے آبائی گاوں جا کر وہاں آنجہانی بزرگ لیڈر کی آخری رسومات میں شرکت کی اور ان کے اہل خانہ کی ڈھارس بندھائی۔
عمرعبداللہ نے آنجہانی کی آتماکی شانتی کیلئے دعا کی اور پسماندگان کویہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے بھی دعا کی۔انہوں نے آنجہانی کی میت پر گلباری بھی کی۔
این سی کے نائب صدر نے آنجہانی کے فرزند سکھبیر سنگھ بادل اور بہو ہرسمرت کور بادل کیساتھ بھی اظہارِ یکجہتی کیا اور پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
ان کے ہمراہ پارٹی کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق اور صلح کار مدثر شاہمیری بھی تھے ۔
آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ بادل صاحب پنجاب کے سب سے بڑے لیڈر اور آزاد ہندوستان کے عظیم لیڈروں میں سے ایک تھے ۔ میرے دادا اور والد دونوں کا ان کے ساتھ بہت گہرا تعلق تھا۔ ان کا انتقال واقعی ایک دور کا خاتمہ ہے اور وہ اپنے پیچھے ایک ایسا خلا چھوڑ گئے ہیں جسے پُر کرنا ناممکن ہے ۔