سرینگر///
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے ہفتے یکے بعد دیگرے ممکنہ طور پر آنے والی دو قوی مغربی ہوائیں موسمی حالات کو متاثر کر سکتی ہیں جس کے نتیجے میں وادی میں بارشیں ہوسکتی ہیں اور دن کے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوسکتی ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ اگلے ہفتے دو قوی مغربی ہوائیں وارد وادی ہونے کا امکان ہے جس سے موسمی حالات اثر انداز ہونے کی توقع ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ مغربی ہوائوں کی پہلی لہر۱۶ ؍اپریل کو وادی میں داخل ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں۱۷؍اپریل تک گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی ہوائوں کی دوسری لہر ۱۸؍اپریل کو وارد وادی ہوسکتی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ اس لہر کے نتیجے میں ہونے والی بارشوں سے زمین گیلی کے باعث کھلے آسمان تلے نماز عید کی ادائیگی ناممکن ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دن کے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی واقع ہونے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس دوران۱۸ ؍اور۱۹؍اپریل کو میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جبکہ پہاڑی علاوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۲۱؍اپریل تک موسمی حالات دگرگوں رہنے کا ہی امکان ہے جس کے بعد موسم میں بہتری واقع ہونے کی توقع ہے ۔
دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے ۔دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۹ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۸ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۴ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۶ء۵ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذتہ شب کے درجہ حرارت سے۶ء۰ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت۳ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔