سرینگر//
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر‘ تصدق حسین میر کا کہنا ہے کہ کشمیر میں جاری سالانہ امتحانات کے اختتام کے ساتھ ہی نیا تعلیمی سیشن شروع کیا جائے گا۔
میر نے کہا کہ ہم نئے تعلیمی سیشن کیلئے تیار ہیں اور اس کے لئے ہم نے ٹائم لائن بھی دی ہے۔
ناظم تعلیم نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ امتحانات کے اختتام کے فوراً بعد نیا تعلیمی سیشن شروع کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا’’ہم نئے تعلیمی سیشن کیلئے تیار ہیں اور ہم نے ٹائم لائن بھی دی ہوئی ہے ‘‘۔
ٹرانسپورٹ فیس کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میںحسین نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولوں کے طلبا کو سہولیات کیلئے کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہے جن سے وہ اسکول بند رہنے کے دوران فائدہ نہیں اٹھا سکے ۔
حسین نے کہا کہ پہلے تعلیمی سیشن دسمبر میں ختم ہوجاتا تھا لیکن اب یہ ماہ مارچ میں اختتام ہوگا اور سالانہ بورڈ امتحانات کے اختتام پذیر ہونے کے ساتھ ہی یہ سیشن بھی اختتام کو پہنچے گا۔
بعض پرائیویٹ اسکولوں کی طرف داخلہ فیس وصول کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا’’جہاں سے ہمیں اس سلسلے میں تحریری شکایت موصول ہوگی تو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔
ناظم تعلیم نے کہا کہ ہم نے سرینگر میں کسی کوچنگ سینٹر کو رجسٹریشن نہیں دی ہے اور مجھے معلوم نہیں ہے کہ ان کے فیس چارج کرنے کا میکانزم کیا ہے ۔