رشیکیش//کورونا کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر اتراکھنڈ کے دہرادون ضلع کے رشی کیش میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نے بھی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔
اس کڑی میں، مرکزی حکومت کی ہدایت پر منگل کو ایمس کے اسپتال کے احاطے میں انتظامات کی جانچ کے لیے ایک ‘موک ڈرل’ کی گئی۔
ایمس کے اسسٹنٹ پبلک ریلیشن آفیسر ہیم بھٹ نے کہا کہ موک ڈرل کے دوران صحت کی خدمات کی دستیابی، آئسولیشن بیڈ، آکسیجن بیڈ، آئی سی یو بیڈ، وینٹی لیٹرز، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف وغیرہ کی دستیابی اورصلاحیتوں کی جانچ کی گئی۔ موک ڈرل کے تحت، ڈمی مریضوں کے ذریعے ، کووڈ سے متعلق تیاری کو دو مختلف موضوعات پر فوکس کیا گیاتھا۔ انہوں نے بتایا کہ موک ڈرل کے ذریعے نارمل علامات والے کووڈ مریض کا معائنہ کرنے کے بعد اس کی کونسلنگ کی گئی۔ نمونے لینے کے بعد انہیں سات دن تک ہوم آئسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا گیا۔ بتایا گیا کہ ہوم آئسولیشن میں رہتے ہوئے مریض کو کووڈ کے رہنما اصولوں پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔
دوسرے معاملے میں بتایا گیا کہ شدید علامات والے مریض کے علاج کے دوران کیاکیا ضروریات ہوسکتی ہیں اور اسپتال کو کس طرح تیار کرنا ہوگا۔ موک ڈرل کے دوران، کھانسی، بخار اور اسہال کی شدید علامات والے کووِڈ مریض کو ڈاکٹروں کی ٹیم نے ٹیسٹ کرنے کے بعد آکسیجن سپورٹ کے ذریعے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں بھیج دیا۔ وہاں سے مریض کو مناسب علاج کے لیے کووِڈ آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ، پروفیسر ڈاکٹر مینو سنگھ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ایمس، نے کہا کہ اس طرح کی مشق سے اسپتال میں کووِڈ کے علاج سے متعلق ہماری آپریشنل تیاری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نورسیٹ کی طرف سے منعقدہ امتحانات کے ذریعے حال ہی میں منتخب ہوکر آئے 400 سے زیادہ نرسنگ اسٹاف کے لئے کووڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے مریضوں کا علاج کرنا ان کا پہلا تجربہ ہوگا۔ کووڈ کے مریضوں کا علاج کس طرح کیا جاتا ہے ، اس موک ڈرل سے ایسے تمام نرسنگ عملے کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشق سے ہمارے صحت کی دیکھ بھال کے عمل کو تقویت ملے گی۔
انچارج میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امت تیاگی نے کہا کہ چین اور دیگر ممالک میں انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ موک ڈرل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایمس میں پہلے ہی کووڈ رہنما خطوط پر عمل کیا جا رہا ہے ۔ اسپتال میں آکسیجن کی فراہمی، ادویات، بستروں اور وینٹی لیٹرز کے تمام انتظامات کی جانچ کر لی گئی ہے ۔ اگر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے تو ایمس کورونا سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ ضرورت پڑنے پر انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
موک ڈرل میں چیف نرسنگ آفیسر ریٹا شرما، ڈی این ایس وندنا، کملیش چند، جینو جیکب، پشپا رانی سمیت سی ایف ایم، نرسنگ اور سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے اسٹاف کے ممبران نے حصہ لیا۔