کانپور// بنگلہ دیش کے خلاف چٹگاوں ٹیسٹ میں ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو کو جمعرات سے ڈھاکہ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں جگہ نہ ملنے پر کوچ کپل پانڈے حیران ہیں۔
ٹیم انتظامیہ کے فیصلے سے ناخوش نظر آرہے کپل نے ‘یواین آئی’ کو بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کا کلدیپ کو پلیئنگ الیون میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ حیران کن ہے ۔ جو کھلاڑی پہلے ٹیسٹ میں پلیئر آف دی میچ رہا، اسے اگلے ہی ٹیسٹ میں بینچ پر بٹھانا حیران کن ہے ۔ یہ کسی بھی کھلاڑی کے حوصلے کو متاثر کر سکتا ہے ۔ شاید ٹیم انتظامیہ کو امید ہوگی کہ کلدیپ دس سے زیادہ وکٹ لیتے اور سنچری بناتے تو ان کے بارے میں غور کیا جا سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کلدیپ کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہو۔ اس سے قبل آئی پی ایل میں 21 وکٹیں لینے کے باوجود انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جگہ نہیں دی گئی۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد انہیں ٹیم سے باہرکیاگیا۔
کلدیپ کے کوچ نے کہا، ‘‘میں ٹیم مینجمنٹ پر سوال نہیں اٹھارہا ہوں۔ ہندوستانی ٹیم کے کوچ بہت تجربہ کار ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ کلدیپ ٹیم کے کمبی نیشن میں فٹ نہ ہوں لیکن میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اگر کلدیپ کو ڈھاکہ ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں جگہ ملتی ہے تو وہ ایک بار پھر اپنی عمدہ گیندبازی سے مخالف ٹیم کو پریشانی میں ڈالنے میں کامیاب ہوتے ۔ ہر ہندوستانی کی طرح میں بھی چاہتا ہوں کہ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کرے ۔
غورطلب ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ آج سے ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوا ہے ، جس میں کلدیپ کی جگہ میڈیم پیسر جے دیو انادکٹ کو شامل کیا گیا ہے ۔ چٹگاون ٹیسٹ میں کلدیپ نے 13 رن پر آٹھ وکٹ لئے تھے ۔ انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیاتھا۔