سرینگر//
جموںکشمیر کے چیف پوسٹ ماسٹر جنرل‘ نیراج کمار کا کہنا ہے کہ انڈیا پوسٹ جنرل پوسٹ آفس (جی پی او) سرینگر میں لوگوں کی سہولیت کیلئے عنقریب پارسل پیکیجنگ سروس شروع کرے گا۔
کمار نے کہا کہ اس کے علاوہ یہ سروس جموں اور لیہہ کے صدر دفتروں پر بھی شروع کی جائیگی ۔
چیف پوسٹ ماسٹر جنرل نے پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ جیسا کہ دنیا میں ’عالمی پوسٹ ہفتہ‘ منایا جا رہا ہے اسی بیچ پوسٹ انڈیا یہ ہفتہ منانے کیلئے جموں وکشمیر میں مختلف نوعیت کے اقدام کرے گا۔
کمار نے کہا’لوگوں کی سہولت اور بہبودی کیلئے ہم عنقریب جی پی او سری نگر میں پارسل پیکیجنگ سروس شروع کریں گے اور یہ سروس جموں اور لیہہ صدر دفاتر پر بھی شروع کی جائے گی‘۔
چیف پوسٹ ماسٹر جنرل نے کہا کہ اس کے علاوہ ہم موبائل پارسل بکنگ سروس جو ایک نیا کام ہے ، کو بھی شروع کر رہے ہیں جہاں بر سر موقع پارسل بکنگ کے لئے پوسٹ ماسٹرس دکانوں، ورک شاپوں اور دیگر جگہوں پر جائیں گے ۔
کمار نے کہا کہ یہ ہماری پوسٹ خدمات کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کی کاوشوں میں سے ایک کوشش ہے ۔۔
چیف پوسٹ ماسٹر جنرل کا کہنا تھا’اس سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ہم نے گذشتہ روز جھیل ڈل اور اس کے گرد وپیش رہنے والے لوگوں کے لئے ‘شکارا پوسٹ سروس’ شروع کی۔‘