نئی دہلی/10 اکتوبر
سماج وادی پارٹی کے بانی اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی ملائم سنگھ یادو کا پیر کو گروگرام کے میدانتا اسپتال میں انتقال ہوگیا۔
ان کی عمر 83 برس تھی۔ وہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے اسپتال میں داخل تھے ۔ ان کے کئی اعضاءنے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے ۔
یادو کے بیٹے اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے پارٹی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر یہ معلومات دی”میرے قابل احترام والد اور سب کے لیڈر نہیں رہے، مسٹر اکھلیش یادو“۔
مرکزی حکومت میں وزیر دفاع رہ چکے مسٹریادو 22 نومبر 1939 کو اٹاوہ ضلع کے سیفئی میں پیدا ہوئے ۔ وہ اس وقت مین پوری سے ایم پی تھے ۔
دریں اثنا مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور سڑک و ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری نے سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
شاہ نے پیر کو ٹویٹر پر لکھا”مسٹرملائم سنگھ یادو جی اپنی بے مثال سیاسی مہارت سے کئی دہائیوں تک سیاست میں سرگرم رہے ۔ ایمرجنسی کے دوران انہوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے آواز بلند کی۔ وہ زمین سے جڑے عوامی لیڈر کے طورپر ہمیشہ یاد کئے جائیں گے ۔ ان کی موت ہندوستانی سیاست کے ایک دور کا خاتمہ ہے “۔
ایک اور ٹویٹ میں، انہوں نے کہا”غم کی اس گھڑی میں، میں ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ خدا مرحوم کو اپنے قدموں میں جگہ دے ۔ اوم شانتی شانتی شانتی“۔
سنگھ نے ٹویٹ کیا”مسٹرملائم سنگھ یادو جی زمین سے جڑے ایک ایسے لیڈرتھے ، جنہوں نے کئی دہائیوں تک اتر پردیش کی سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اپنی طویل عوامی زندگی میں انہوں نے کئی عہدوں پر کام کیا اور ملک، سماج اور ریاست کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا۔ ان کی موت انتہائی تکلیف دہ ہے “۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں مخالف ہونے کے باوجود ملائم سنگھ جی کے سبھی سے اچھے تعلقات تھے ۔ جب بھی ان سے ملاقات ہوتی وہ بہت کھلے ذہن کے ساتھ کئی موضوعات پر بات کرتے ۔ ان کے ساتھ کئی مواقع پر بات چیت میری یادوں میں ہمیشہ تازہ رہے گی۔ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے میری تعزیت۔
گڈکری نے ٹویٹ کیا”مجھے ذاتی طور پر ملائم سنگھ جی سے بہت پیارملا ہے ، ای رکشا کا فیصلہ لیتے وقت ملائم سنگھ جی کی بھرپور حمایت تھی۔ خدا مرحوم کی روح کو سکون دے اور لواحقین کو صبرعطاکرے ۔ اوم شانتی۔“
انہوں نے کہا”اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر ملائم سنگھ یادو جی کے انتقال کی خبر سے دکھ ہوا ہے ۔ انہیں میری دلی خراج عقیدت۔