راجوری/جموں/۴اکتوبر
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج جموں و کشمیر کے راجوری میں اعلان کیا کہ پہاڑی برادری، گوجروں اور بکروالوں کے علاوہ، جلد ہی شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کے طور پر تعلیم اور ملازمتوں میں ریزرویشن حاصل کرے گی۔
اگر پہاڑیوں کوایس ٹی کا درجہ دیا جاتا ہے، تو یہ ہندوستان میں کسی لسانی گروہ کو ریزرویشن حاصل کرنے کا پہلا واقعہ ہوگا۔ ایسا کرنے کے لیے مرکزی حکومت کو پارلیمنٹ میں ریزرویشن ایکٹ میں ترمیم کرنے کی ضرورت ہے۔
شاہ نے بی جے پی کی ایک ریلی میں کہا”کمیشن (لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے قائم کیا گیا ہے) نے رپورٹ بھیج دی ہے اور گجر، بکروال اور پہاڑی برادریوں کے لیے ریزرویشن کی سفارش کی ہے۔ اسے جلد ہی دیا جائے گا۔“ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریزرویشن آرٹیکل 370 کے تحت خصوصی درجہ ہٹانے کے بعد ہی ممکن ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اب اس دفعہ کے ہٹائے جانے سے اقلیتوں، دلتوں، قبائلیوں، پہاڑیوں کو ان کے حقوق مل جائیں گے۔ مسلم اکثریتی مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ہندو ایک مذہبی اقلیت ہیں۔