سرینگر//
پولیس کا کہنا ہے کہ پٹن میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مارے گئے دو جیش ملی ٹینٹ آرمی ریلی میں رخنہ ڈالنے کی فراق میں تھے ۔
پولیس نے کہاکہ ایک بہت بڑے منصوبے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا گیا۔
ایس ایس پی بارہمولہ رائیس بٹ نے ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پٹن میں مارے گئے دو جیش جنگجو فوجی ریلی کو نشانہ بنانے کی طاق میں تھے ۔
بٹ نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے یدی پورہ پٹن علاقے میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج اور پولیس نے مشترکہ طورپر جمعے اعلیٰ الصبح تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ایس ایس پی نے کہاکہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے ۔
اُن کے مطابق مارے گئے جنگجوؤں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ جاں بحق ملی ٹینٹوں کو بارہ مولہ میں آرمی ریکروٹمنٹ ریلی پر حملہ کرنے کا کام سونپ دیا گیا تھا تاہم سیکورٹی فورسز نے ممنوع تنظیم کا مشن ناکام بنایا ۔
بٹ نے مزید کہاکہ یہ آپریشن کلین تھا او راس دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ایس ایس پی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کا راستہ نہ اپنائیں ۔انہوں نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جاں و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے ۔