حیدرآباد//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے قافلے کو ان کے سیکورٹی اہلکاروں نے کچھ دیر کے لیے روک دیا جب ہفتہ کو حیدرآباد کے بیگم پیٹ کے قریب ہوٹل کے دروازے کے سامنے ایک نامعلوم شخص کی گاڑی کھڑی تھی۔ اسی راستے سے امیت شاہ کو ہوٹل میں داخل ہونا تھا۔ مبینہ طور پر یہ گاڑی تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) پارٹی لیڈر کی ہے ۔
مسٹر شاہ کو زیڈ پلس سیکیورٹی حاصل ہے ۔ وہ ہفتہ کو پریڈ گراؤنڈ میں حیدرآباد مکتی دیوس کی تقریبات میں شرکت کے لیے جمعہ کی شام سے ہی شہر میں ہیں۔
اس واقعہ کو مبینہ طور پر سیکورٹی کی خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ وی آئی پی کے تحفظ کا راستہ صاف کرنا اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کا ایک اہم پہلو ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے گاڑی کی پچھلی کھڑکی کا شیشہ توڑ دیا جس سے مبینہ طور پر وزیر داخلہ کے قافلے کا راستہ رک گیا۔ پولیس کے اعلیٰ افسران حفاظتی غفلت کے اس واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔