جموں/16 ستمبر
خطہ پیر پنچال کی سڑکوں پر حادثات کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے ۔
پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں جمعے کو ایک ٹرک اور ایک مسافر بردار گاڑی کے درمیان ٹکر سے کم سے کم 7 افراد زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے بہرام گالہ سرنکوٹ علاقے میں جمعے کی دوپہر کو ایک ٹرک اور ایک مسافر بر دار گاڑی کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 7 فراد زخمی ہوگئے ۔
ذرائع نے کہا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجے کے لئے فوری طور نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت ریاست خان ولد محمد یونس، محمد رزاق ولد لال خان، طارق خان ولد عبدالقیوم، شبینہ زوجہ محمد صغیر، معین خان ولد امتیاز خان اور محمد بشارت ولد خان محمد ساکنان مینڈھر کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پونچھ علاقے میں ہی دو روز قبل ایک سڑک حادثے میں 9 افراد از جان اور 27 زخمی ہوگئے تھے جبکہ راجوری میں جمعرات کو ایک سڑک حادثے میں 5 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 22 دیگر زخمی ہوگئے ۔