جموں//
جموں و کشمیر حکومت نے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کو عام تعطیل کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جلد نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
یہ اعلان لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج راج بھون میں ممتاز سیاسی رہنماؤں، یووا راجپوت سبھا کے اراکین، سول سوسائٹی کے اراکین بشمول جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ یونین کے سربراہ پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے بعد کیا۔
سنہا نے کہا’’حکومت نے مہاراجہ ہری سنگھ جی کے یوم پیدائش کو عام تعطیل کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاراجہ ہری سنگھ ایک عظیم ماہر تعلیم، ترقی پسند مفکر، سماجی مصلح اور نظریات و نظریات کے بلند پایہ انسان تھے۔ عام تعطیل مہاراجہ ہری سنگھ جی کی شاندار وراثت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے موزوں ہوگی‘‘۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر اس سال کے شروع میں یو ٹی انتظامیہ نے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کے حوالے سے عوامی مطالبے کا جائزہ لینے کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
اس دوران بی جے پی کے سینئر لیڈروں کا کہنا ہے کہ ایل جی منوج سنہا نے مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کے موقع پر سرکاری تعطیل دینے پر رضا مندی جتائی اور۲۳ستمبر سے پہلے نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگی۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے جموں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ملاقات کی جس دوران کئی اہم مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔
میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم ن کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان بہت جلد ہوگا۔
سنگھ نے بتایا کہ ایل جی منو ج سنہا نے بی جے پی کی اس دیریانہ مانگ کو پورا کرنے کا یقین دلایا اور ۲۳ستمبر سے قبل سرکار کی جانب سے اس حوالے سے باضابط طورپر ایک نوٹیفکیشن بھی جاری ہوگی۔
سابق نائب وزیر اعلیٰ کے مطابق جموں صوبے کے لوگوں کی ایک دیریانہ مانگ پوری ہونے جارہی ہے ۔
اس موقع پر بی جے پی لیڈر دویندر رینا نے کہاکہ ۷۲سالوں کے بعد جموں صوبے کے لوگوں کی مانگ پوری ہونے جارہی ہے ۔
رینا نے کہاکہ مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کے موقع پر اب سرکاری چھٹی ہوگی اور اس کا اعلان چند دنوں کے اندر اندر کیا جائے گا۔
بی جے پی یونٹ صدر کے مطابق ہم مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور ایل جی منوج سنہا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے لوگوں کی اس دیریانہ مانگ کو پورا کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔