ممبئی//آئی پی ایل 2022 سیزن کے آغاز سے صرف دو دن قبل دفاعی چیمپئن چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے اپنی قیادت میں ایک بڑی تبدیلی کی ہے۔
سی ایس کے نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایاکہ "مہندر سنگھ دھونی نے چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کی کمان ٹیم کے تجربہ کار اور سب سے پرانے کھلاڑی رویندر جڈیجہ کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جڈیجہ 2012 سے چنئی سپر کنگز کا اٹوٹ حصہ رہے ہیں، سی ایس کے کی قیادت کرنے والے تیسرے کھلاڑی ہوں گے۔ دھونی اس سیزن اور اس کے بعد بھی چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ دھونی نے 14 سال تک سی ایس کے کی کپتانی کی۔ فرنچائز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کاشی وشواناتھن نے کرک انفو کو بتایا کہ دھونی سی ایس کے کے لیے کھیلنا جاری رکھیں گے۔
وشواناتھن نے مزید بتایا کہ دھونی چاہتے تھے کہ کپتانی میں تبدیلی کے لئے راہ ہموار ہو اور محسوس ہوا کہ جڈیجہ سی ایس ے کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وشواناتھن نے کہا کہ دھونی نے جمعرات کو ٹیم میٹنگ میں اس فیصلے کا اعلان کیا۔ ٹیم 26 مارچ کو گزشتہ سیزن کی رنر اپ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 2022 کے سیزن کے پہلے میچ کی تیاری اور تربیت کے لیے ممبئی روانہ ہو گئی ہے۔
سی ایس کے کے سی ای او نے بتایاکہ "دھونی کافی عرصے سے اس بارے میں سوچ رہے تھے اور اب انہیں لگا کہ جڈیجہ کو کپتانی سونپنے کا یہ صحیح وقت ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ جڈیجہ اس وقت اپنے کیریئر کے بہترین دور سے گزر رہے ہیں۔ یہ ان کے لیے سی ایس کے کی قیادت کرنے کا صحیح وقت ہے۔ یہ ہماری فرنچائز کے لیے بھی اچھا ہوگا اور یہ دھونی کے ذہن میں بھی ہوگا۔ ,
(یواین آئی)