جموں//
جموںکشمیر کے قصبہ راجوری میں حکام نے جمعے کے روز سی آر پی سی کے دفعہ۱۴۴کے تحت پابندیاں عائد کرکے لوگوں سے گھروں کے اندر ہی رہنے کی تاکید کی ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ پابندیاں دو گروپوں کے درمیان اراضی تنازعے کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے بطور عائد کی گئی ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ راجوری‘وکاس کنڈل نے پابندیاں عائد کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ علاقے کے لوگوں کو پولیس گاڑیوں پر اسپیکر لگاکر اعلان کرنے کے ذریعے پابندیوں کے متعلق آگاہ کیا گیا۔
پولیس اعلان میں کہا گیا’’لوگوں کو اطلاع دی جاتی ہے کہ راجوری قصبے میں سی آر پی سی کی دفعہ۱۴۴کے تحت پابندیاں عائد کی گئی ہیں لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں‘‘۔
پولیس نے کہا کہ علاقے میں حساس مقامات پر لوگوں کی نقل و حمل کی روک کیلئے کار دار تار بچھا دی گئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ ان جگہوں پر امن و قانون کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔